خبرنامہ پاکستان

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ایل این جی سمیت کئی سمجھوتوں کی یاداشت پر دستخط

پاکستان اور

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ایل این جی سمیت کئی سمجھوتوں کی یاداشت پر دستخط

اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کا وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر صدر ویدودو کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ گفت و شنید کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور صدر ویدودو کے مابین وفد کی سطح پر دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے وسیع تر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور انڈونیشیاء کے عوام کے مابین سیاسی، ثقافتی، مذہبی تعلقات ہیں اور جمہوری اقدار کے لئے احترام رکھتے ہیں۔ اسلامی دنیا کے سب سے بڑے ممالک ہوتے ہوئے دونوں ملک ترقی، خوشحالی، استحکام، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر متحد ہیں۔ دفاع اور سیکورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صدر ویدودو کوپاکستان کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کوششوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارتی توازن کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں اطراف نے تسلیم کیا کہ دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے کے امکانات پائے جاتے ہیں جنہیں ترجیحی تجارتی معاہدہ سے استفادہ کرتے ہوئے وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدے کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ٹیرف لائنز کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر ترجیحی تجارتی معاہدے کو بتدریج آزادانہ تجارتی معاہدے کی سطح تک لے جانے پر بھی مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انڈونیشیاء کے صدر نے آسیان کے ساتھ فل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ انڈونیشیا نے بحر ہند رم (RIM) ایسوسی ایشن کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا بھی یقین دلایا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صدر ویدودو کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت علاقائی روابط بڑھانے اور ترقی کے فروغ کی پاکستانی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انڈونیشیائی کاروباری برادری سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے استفادہ کر سکتی ہے ۔ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صدر ویدودو کو افغانستان میں امن اور مصالحت کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں سے متعلق بریف کیا۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور مصالحت کے لئے انڈونیشیا کی معاونت کی پیشکش کی بھی تعریف کی جو کہ علاقائی سلامتی کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صدر ویدودو کو جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلہ سمیت بھارت کے ساتھ تصفیہ طلب تمام مسائل کے حل کے لئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ بات چیت کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور صدر جوکو ویدودو نے دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ ان مفاہمتی یادداشتوں میں انڈونیشیاء سے ایل این جی اور پٹرولیم کی مصنوعات کی درآمد، تجارتی سہولیات، 20 نئی ٹیرف لائنز کے لئے ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط اور فارن سروس اکیڈمی اور سنٹر برائے تعلیم و تربیت انڈونیشیاء کے مابین مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔