خبرنامہ پاکستان

پاکستان اور ترکی کی دوستی پہاڑوں سے بھی مضبوط ہے ، ترک سفیر

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان میں ترکی کے سفیرصادق بابرگرگین نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے مابین دوستی پہاڑوں سے بھی مضبوط ہے۔پاکستانی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے جبکہ ترک کمپنیاں مزید سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ وہ پیر کو ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور ترکی کے وفاقی چیمبر کے صدر رفعت سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ترکی کے وفاقی چیمبر کے صدر رفعت، ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل اور ترک بزنس مین بھی موجود تھے۔ ترک سفیر نے کہا کہ سی پیک ایک گیم چینجر ہے جس کا پاکستانی معیشت کے ہر شعبہ پر مثبت اثر پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستانی منڈی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ دونوں ممالک کی حکومتیں بھی معاشی تعاون کو بڑھا رہی ہیں تاکہ تجارت کا حجم بڑھا یا جا سکے۔ ترک کمپنیاں اس وقت متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہیں اورتوانائی،ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر، صحت، ووکیشنل ٹریننگ اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت متعدد شعبوں میں کام کرنا چاہتی ہیں۔ اس موقع پرترک سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ رفعت نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں کاروبار کے سنہری مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم بہت سے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ دونوں ملکوں کی تہذیب، ثقافت اور روایات میں بہت مماثلت ہے۔ پاکستان اور ترکی یک جان دو قالب ہیں۔ ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔ اس موقع پر ملک سہیل نے سفیر کی توجہ ترکی میں نمائشوں کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اس تجارت اور تعلقات میں اضافہ ہو گا۔ ترک سفیر نے انکی تجویز منظور کر لی۔