خبرنامہ پاکستان

پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں: صدر

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے خیالات میں بہت سے بین الاقوامی امور پر یکسانیت پائی جاتی ہے۔ صدر مملکت نے یہ باتیں رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیرا یملین آئن سے ملاقات کے دوران کہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے تناظر میں رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے باہمی تبادلوں کی مزید ضرورت ہے تاکہ موجودہ تعلقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے جس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کی تعلقات کی بہتری اور اضافے میں کوشش کرنے پر رومانیہ کے سفیر کے کردار کی تعریف کی۔ رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیرنے اپنے قیام کے دوران تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ سفیر رومانیہ جا کر پاک۔ رومانیہ تعلقات کی مزید بہتری کے لیے بھی اسی جذبے سے کام کرتے رہیں گے۔