خبرنامہ پاکستان

پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدہ، حج کوٹا میں اضافہ نہ ہوسکا

پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدہ، حج کوٹا میں اضافہ نہ ہوسکا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج سے متعلق معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت حج کوٹا میں اضافہ نہیں کیا گیا رواں برس بھی پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 201 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ پاکستانی حجاج کرام کے حوالے سے سعودی محکمہ حج و عمرہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک باضابطہ معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔ معاہدے کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کی اور سعودی عرب کی طرف سے حج اور عمرہ کے وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر کو بتایا کہ حالیہ مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے پاکستانی حجاج کی تعداد آبادی کے تناسب سے 179،210 تک بڑھانے اور پاکستانی حجاج کو ٹرین کی 100 فیصد سہولت دینے کی درخواست بھی کی۔ پاکستان میں بائیو میٹرک تصدیق ہوجانے کی صورت میں انہوں نے پاکستانی حجاج کو سعودی ائیر پورٹ پر بائیو میٹرک سے استثنیٰ دینے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ سعودی حکام کم وقت میں زیادہ حجاج کو سروس مہیا کر سکیں گے۔ سردار یوسف نے کہا کہ پاکستانی حکومت2017ء میں حجاج کے لیے کامیاب انتظامات کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔ سعودی حج اور عمرہ کے وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طاہرنے کہا کہ پاکستانی حکام نے اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ حج کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ سعودی وزیر نے پاکستانی حجاج کی تعداد بڑھانے کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔