خبرنامہ پاکستان

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائیگا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائیگا

کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیمیں رات ساڑھے 7 بجے مدمقابل ہوں گی، سیریز میں گرین شرٹس کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم بہت مضبوط ہے، دوسرا میچ بھی اہم ہے اور نوجوان بولر شاہین آفریدی کو جلد موقع دیں گے۔ ویسٹ انڈین کپتان جیسن محمد کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کے لئے سازگار وکٹ ہونے کے باوجود پلان کے مطابق پہلا میچ نہ کھیل سکے تاہم آج کھیلا جانے والا میچ منصوبہ بندی کے تحت کھیلیں گے۔ ویسٹ انڈین کپتان نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک پلان
آج دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے بھی نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑکیں دوپہر 2 بجے بند کردی جائیں گی، راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ، شارع فیصل پر کارساز اور لیاقت آباد دس نمبر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگی۔ نیپا سے مزارِ قائد تک یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند رہے گی۔
ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی دوسری بڑی فتح
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا دیا پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 143 رنز سے شکست دی جو کہ ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی فتح ہے، اس سے قبل 2007 میں سری لنکا نے کینیا کو 172 رنز سے شکست دی تھی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی 20 اپریل 2008 کو پاکستان نے مہمان بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں 102 رنز سے شکست دی، اور حسین اتفاق ہے کہ اُس وقت بھی گرین شرٹس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے جب کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی گرین شرٹس نے 5 وکٹوں پر 203 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں بہترین کارکردگی پر حسین طلعت کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا اور وہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں اپنے ڈیبیو میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے۔ حسین طلعت نے 41 رنز کی اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔