اسلام آباد( آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشیدنے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری معاہدہ خوش آئند ہے ، معاہدے سے خطے میں خوشحالی اور استحکام کو فروغ حاصل ہو گا ۔ وہ پیرکو یہاں پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ بجلی ، گیس کی درآمد سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کا خاتمہ جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے ۔ سینیٹر پرویز رشید نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے خطے میں خوشحالی اور استحکام کو فروغ ملے گا اور معاہدے سے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کی نئی راہیں کھولیں گی۔