خبرنامہ پاکستان

پاکستان بارے بعض غلط تصورات کو زائل کرنے کیلئے امریکی پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی نے امریکہ میں کام شروع کردیا

واشنگٹن/اسلا م آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان اور اسکے دہشتگردی اور انہتا پسندی کے خلاف کردار کے بارے میں کچھ غلط تصورات کو زائل کرنے کیلئے امریکی پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ( اے پی پی اے سی )قائم کردی گئی جس نے امریکہ میں باضابطہ طور پر اپنا کام شروع کردیا۔ پیر کو امریکی پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ( اے پی پی اے سی ) کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے باضابطہ کام شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ وہ امریکہ میں پاکستانیوں کی حیثیت کو بلند کرنے کے لئے کام کریں گے اورانھیں سیاست کے مرکزی دھارے میں لائیں گے ۔انکا کہنا تھاکہ اقوام عالم میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کیلئے ایک بات چیت کا عمل شروع کردیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ وہ عوام کی سطح پر اوردونوں ممالک کے تعلقات میں بداعتمادی اور غلط فہمیوں کی خلیج کو پر کرنے کیلے کام کریں گے ۔ امریکہ میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز سے رابطہ کرکے انھیں اس نقطہ پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ پاکستان بدترین دہشتگردی کا شکا ر ہوتے ہوئے امن اور سکون کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کا حصہ نہیں بن سکتا ۔ڈاکٹر اعجاز احمد جو نیویارک میں گزشتہ د س سالوں سے ایک سینئر کارڈیالوجسٹ کے طور پر پریکٹس کررہے ہیں کا کہنا تھاکہ امریکی پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کا تصور اور کوششیں ایک ایسے امریکہ کی ترقی کیلئے ہے جہا ں تمام شہریوں کے ساتھ مذہبی ،عقیدے کے حوالے سے امریکی اقدار کے مطابق یکساں سلوک کیاجائے۔انھوں نے کہاکہ میرا مشن پاکستانی امریکیوں کی حیثیت کو بلند کرنا اور پاکستانی نژاد امریکیوں کی مکمل سیاسی شرکت کی حوصلہ افزائی کرکے امریکہ اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دینا ہے۔