اسلام آباد:(اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان باہمی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں انسداد دہشت گردی سے متعلق کثیرالملکی فوجی مشقوں میں شریک ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب میں انسداد دہشت گردی سے متعلق کثیر الملکی فوجی مشقوں میں شریک ہے جب کہ باہمی معاہدے کے تحت ایک چھوٹا دفاعی دستہ سعودی عرب میں تعینات ہے جو دو طرفہ معاہدے کے تحت تعینات رہتا ہے جب کہ باہمی دفاعی تعاون میں فوجی اور سخت تربیتی شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون گزشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہے جب کہ دونوں ممالک دفاعی شعبے میں کئی دہائیوں سے ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں اور دونوں ملکوں کے تربیت دینے والے افسران ایک دوسرے کے ملک میں آتے جاتے ہیں۔ سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کی تاریخ کی سب سے بڑی اور اہم فوجی مشقیں جاری ہیں جس میں پاکستان سمیت 20 ملکوں کے فوجی دستے شامل ہیں۔