خبرنامہ پاکستان

پاکستان بہترین پالیسیوں کا حامل ملک ہے، صدر

اسلام آباد : (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بہترین سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا حامل ملک ہے، سرمایہ کار ان پالیسیوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے یہ بات ٹیلی نار گروپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے اپنے صدر اور سی ای او سگوی بریکی کی قیادت میں پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ صدر نے کہاکہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لئے ایک بڑی مارکیٹ ہے، امید ہے کہ ٹیلی نار گروپ عوام کو مزید خدمات کی فراہمی کیلئے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے گا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات اور ڈیجیٹل سروسز کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے ملک کی معیشت کی ترقی اور نمو میں ٹیلی کام کے شعبے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے عوام کی آسانی کے لئے جدید سہولیات متعارف کرانے پر ٹیلی نار کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کمپنی کے آئندہ کے منصوبہ جات کے لئے حکومت کی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ مختلف سماجی شعبوں میں پاکستان کی ترقی اور اقتصادی نمو کے لئے موبائل براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کا مزید فروغ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ٹیلی کام ٹیکنالوجی کے میدان میں تیز تر ترقی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت کی انٹرنیٹ خدمات اور اس کی آسان دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صدر ممنون حسین نے ’’گرے ٹریفک‘‘ کی روک تھام میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کامیابی کی تعریف کی جو ٹیلی کام کی صنعت کو بری طرح متاثر کر رہی تھی۔ اس موقع پر ٹیلی نار گروپ کے صدر اور سی ای او نے صدرممنون حسین کو پاکستان میں بینکاری، تعلیم ، صحت و زراعت کے شعبوں میں ٹیلی نار گروپ کی طرف سے پیش کی جانے والی مختلف خدمات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کام انڈسٹری کے لئے ایک ماڈل مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کمپنی کو حکومت پاکستان کی طرف سے حاصل ہونے والے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی ڈیجیٹل کے میدان میں مزید آگے بڑھنے کے لئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں میں بھرپور حمایت کا عزم رکھتی ہے۔