خبرنامہ پاکستان

پاکستان بہتر تعلقات کے لئے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے: راجناتھ

نئی دہلی ( آئی این پی) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر سیاست چلے گی نہ ہی ملک میں دہشت گردی کے طرفداروں کو عوامی حمایت مل سکتی ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو استوار کرنے میں بھی دہشت گردی ہی آڑے آتی ہے لہذا پاکستان کو ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ پارلیمنٹ میں بیان دیتے وئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تدارک کیلئے قانون اپنا کام کر رہا ہے اور اس پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دی جائیگی۔ اپوزیشن دہش گردی پر بھی سیاست کرنے نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مہذب قوم دہشت گردی کو برداشت نہیں کر سکتی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں امن و امان ہو اور اس سلسلے میں امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنا حکومت کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں لیکن سرحد پار کی دہشت گردی ملکی سکیورٹی کے لئے ایک خطرہ بنی ہوئی ہے اور بار بار اس سلسلے میں پاکستان کی طرف سے دراندازوں کو بھارت بھیجا جا رہا ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہمیں ہر قیمت پر ملک کا دفاع کرنا ہوگا۔ ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی سراٹھائے گی سکیورٹی فورسز کارروائی کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امن پسند ملک ہے پڑوسی ممالک پاکستان اور چین کیساتھ بہتر تعلقات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ دریں اثنا لوک سبھا میں تحریری جواب دیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے ایک بار پھر امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امریکہ کے اس موقف سے متفق نہیں کہ یہ طیارے دہشت گردی کیخلاف استعمال کیے جائیں گئے۔ بھارت کو امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت پر مایوسی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں نئی دہلی میں دریائے جمنا کے کنارے ہونے والے روحانی گرو روی شنکر کے کلچرل فیسٹول کے معاملے پر بھارتی راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ جنتا دل (یونائٹڈ)کے رہنما شرد یادو نے کہا کہ پروگرام کے حوالے سے شری روی شنکر پر جو جرمانہ عائد کیا گیا تھا اسے انہوں نے ادا کرنے سے انکار کردیا۔ کیا وہ نظام سے بالا تر ہیں؟ انہوں نے اس معاملے میں حکومت پر ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے روی شنکر کو جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ دریائے جمنا کے کنارے اتنے بڑے پروگرام سے ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ تاہم پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان تعصب کا شکار ہیں۔ کلچرل فیسٹول مسئلے پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔ واضح رہے کہ کلچرل فیسٹول گذشتہ روز نئی دہلی میں شروع ہو گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم نریند مودی تھے۔