خبرنامہ پاکستان

پاکستان بے شمار مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، صدر مملکت

پاکستان بے شمار مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے، صدر مملکت

لاہور:(ملت آن لائن) صدر مملکت منون حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان بے شمار مسائل پر قابو پانے میں کامیاب رہا ہے اور ملک کی معیشت اب بہتر ہورہی ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ڈین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ آج مواصلاتی رابطوں کا دور ہے جس کی جدید شکل پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ یعینی سی پیک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی پاک چین اقتصادی راہداری سے جڑی ہوئی ہے تاہم منصوبے بناتے وقت عالمی معیارات کو ضرور پیش نظر رکھا جائے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں عمارات جلدی بن جاتی ہیں جس کے نقائص بعد میں سامنے آتے ہیں ہمیں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے، ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے اور پاکستان بے شمار مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
……………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…جنوبی افریقا میں سیاسی بحران: صدر کو عہدہ چھوڑنے کیلئے 48 گھنٹے کی مہلت

کیپ ٹاون:(ملت آن لائن) جنوبی افریقا کی حکمراں جماعت افریقن نیشنل کانگریس نے اپنے ہی منتخب صدر جیکب زوما کو عہدہ چھوڑنے کے لئے 48 گھنٹے کی مہلت دی ہے۔ جیکب زوما کو کرپشن اسکینڈلز، معیشت کی بدحالی اور بے روزگاری میں اضافے جیسے الزامات کا سامنا ہے جس پر اپوزیشن نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ جیکب زوما 2009 میں مسند اقتدار سنبھالنے کے بعد دو مرتبہ منتخب ہوئے اور آئندہ سال ان کی صدارت کی مدت پوری ہورہی ہے۔ دوسری جانب حکمراں جماعت کے سربراہ سرل رامافوسا نے صدر زوما کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور 3 گھنٹے تک مذاکرات کے دوران انہیں عہدہ چھوڑنے پر قائل کرنے کی کوشش کی تاہم صدر زوما نے عہدہ چھوڑنے سے صاف انکار کردیا۔ خیال رہے کہ افریقن نیشنل کانگریس کے سربراہ نے ایک ہفتہ قبل صدر جیکب زوما کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم صدر زوما نے پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کو کہا کہ انہیں چند ماہ مزید مہلت دی جائے جسے پارٹی رہنماوں نے بھی مسترد کردیا۔ سرکاری ٹی وی ایس اے بی سی کے مطابق حکمراں جماعت کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر جیکب زوما کو اقتدار سے علیحدہ ہونے کے لئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے، ایگزیکٹو کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر صدر نے عہدہ نہ چھوڑا تو ان کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔