خبرنامہ پاکستان

پاکستان تحریک انصاف نے نگراں سیٹ اپ کیلئے نام فائنل کرلئے

پاکستان تحریک انصاف نے نگراں سیٹ اپ کیلئے نام فائنل کرلئے

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے نگراں سیٹ اپ کیلئےنام فائنل کرلئے، نگران وزیراعظم کیلئے عبدالرزاق داؤد ، تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں نگران وزیراعظم کے ناموں کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف نے نگراں سیٹ اپ کیلئے نام فائنل کرلئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لئے 3ناموں کوحتمی شکل دی گئی ہے، جن میں عبدالرزاق داؤد،تصدق جیلانی اورعشرت حسین کےنام تجویز کئے گئے ہیں۔
عمران خان نے مشورے سے نگراں وزیراعظم کیلئے نام فائنل کیے۔
شاہ محمودقریشی تینوں نام خورشیدشاہ کو پیش کریں گے، عبدالرزاق داؤد پرویزمشرف کی کابینہ میں وزیر تجارت رہ چکے ہیں، تصدق جیلانی چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ عشرت حسین1999سے 2006تک گورنراسٹیٹ بینک رہے۔ یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خور شید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے نگران سیٹ اپ ماننے یا نہ ماننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اخلاقی طور پر شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود سے بات کی، کوشش ہوگی ایسا نام آئے جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔ خیال رہے کہ 30مئی 2018 کو موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہورہی ہے، آئین کی 18ویں ترمیم کے مطابق اگر کوئی حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرلے تو 60دنوں کے اندر انتخابات کروانا ضروری ہوتا ہے۔ انتخابات کی نگرانی کے لئے ایک نگران حکومت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہونے سے قبل وزیراعظم اور قائدِ حزب اختلاف کو مل بیٹھ کر نگران وزیر اعظم کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔