اسلام آباد ۔ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے تمام ممالک بالخصوص خطے کے ملکوں سے دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو ایوان صدر میں پاکستان کے لیے مختلف ممالک کے نامزد سفیروں کی طرف سے سفارتی اسناد پیش کئے جانے کی پروقار تقریب کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر پاکستان اور نامزد سفیروں کے ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سفیروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر مملکت کو سفارتی اسناد پیش کرنے والے سفیروں میں بھارت کے ہائی کمشنر گوتم ایچ بمبانوالہ، افغانستان کے سفیر حضرت عمرزخل وال، تھائی لینڈ کے سفیر سوچارٹ لینگ سائن تھانگ، کمبوڈیا کے سفیر پیچ کوہن پنھا، عراق کے سفیر ڈاکٹر علی یٰسین محمد کریم، آئرلینڈ کے سفیر بدینڈن وارڈ اور چیک ریپبلک کے سفیر جان فیوری شامل تھے جنہوں نے بعد ازاں فرداً فرداً صدر مملکت سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ جاری رہے گا۔صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سفیروں کے پاکستان میں خوش گوار قیام کی توقع ظاہر کی۔