خبرنامہ پاکستان

پاکستان جاپان کو ایک اہم دوست اور ترقیاتی شراکت دار سمجھتا ہے: طارق فاطمی

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کو ایک اہم دوست اور ترقیاتی شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں شاندار تعاون پر مبنی قریبی تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے یہ بات جاپانی وزارت خارجہ امور کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوب مشرقی و جنوب مغربی ایشیائی امور سفیر کازووا نشیدا اور افغانستان و پاکستان کے لئے جاپان کے نائب خصوصی نمائندے سفیر کات سوہیکو تاکا ہاشی سے جمعرات کو یہاں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق طارق فاطمی نے اس امر پر زور دیا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں افغان قیادت میں مفاہمتی عمل میں سہولت دینے کے حوالے سے پاکستان کے کردار کا ذکر کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے خطے کے اقتصادی اور تجارتی مواقع سے بھرپور استفادہ کے لئے وسیع تر علاقائی ہم آہنگی اور رابطے کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ جاپانی سفارت کاروں نے اس بات پر زور دیا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے نئے مواقع تلاش کئے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے پرامن ہمسائیگی کی پالیسی کی روشنی میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی اہمیت کے دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔