اسلام آباد ۔ اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے یہ بات جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر ہیروشی انوماتا سے جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔ سبکدوش ہونے والے سفیر ہیروشی انوماتا نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی بحالی کی بدولت جاپانی سرمایہ کاروں کی قابل ذکر تعداد پاکستان میں کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات وزیراعظم محمد نواز شریف سے جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں اپنی الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ ہیروشی انوماتا نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خارجہ پالیسی اور اقتصادی بحالی کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے جبکہ پاکستان کی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کے حوالے سے کوششیں بھی قابل ستائش ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے اپنی سفارتی مدت کے دوران تعاون اور قابل قدر معاونت پر شکریہ ادا کیا۔