نئی دہلی:(اے پی پی)بھارتی وزیر داخلہ راجنا تھ سنگھ نے دھمکی دی ہے کہ پاکستان کے پاس وقت ہے کہ وہ سدھر جائے ورنہ بگڑنے والوں کو سدھارنا ہمارے جانباز فوجیوں کو اچھی طرح آتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال سے ملحق ضلع سدھارتھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ ہم ہمیشہ بہتر تعلقات کے حامی رہے ہیں مگر سرحد پار سے ملک میں دہشت گردی کو فروغ دینے کی کارروائی مسلسل جاری ہے۔ ہم ایک بار پھر انہیں سدھرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں ورنہ بگڑنے والوں کو بہتر بنانا ہمارے فوجیوں کو بخوبی آتا ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجنا تھ سنگھ نے کہا کہ ڈیوڈ ہیڈلی کی طرف سے ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے انکشافات کے بعد پاکستان مکمل بے نقاب ہوگیا ہے۔ اسے فوری طور پر ممبئی حملوں کے ذمے داران کیخلاف کارروائی کرنا ہو گی۔