خبرنامہ پاکستان

پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے:طارق فاطمی

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اعلیٰ سطح پر رابطوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سری لنکا کے نئے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جیاناتھ لوکو کیتا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے جمعہ کو یہاں دفتر خارجہ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سے ملاقات کی۔ طارق فاطمی نے نئے سری لنکن ہائی کمشنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں دونوں ملکوں کی قیادتوں اور اعلیٰ سطح پر رابطوں سے پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھل گئیں۔ معاون خصوصی نے ہائی کمشنر کو انسداد دہشت گردی، معیشت اور بہتر حکومت سے متعلق حکومت کی کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے گرمجوشی سے خیرمقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔