اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈاک کا عالمی دن منگل 9 اکتوبر کو منایا جائے گا ، اس دن کو منانے کا مقصد روز مرہ کاروبار زندگی اور ملکوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ڈاک کے شعبہ کی اہمیت اور کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ ڈاک کا عالمی دن 1874میں سوئٹزر لینڈ کے دارالحکومت برن میں یونیورسل پوسٹل یونین کے قیام کی سالگرہ کے طور پر ہر سال9اکتوبر کو منایا جاتا ہے جسے منانے کا اعلان پہلی مرتبہ 1969 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ یونیورسل پوسٹل یونین کی کانگریس کے موقع پر کیا گیا۔ اس وقت سے آج تک ہر سال دنیا بھر کے ملکوں میں منایا جاتا ہے اور یونیورسل پوسٹل یونین کے زیر سرپرستی تقریبات ہوتی ہیں اور مختلف ممالک اس موقع پر نئی مصنوعات متعارف کرا تے ہوئے ڈاک کے شعبہ کو مظبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ڈاک کا شعبہ ہمیشہ کی طرح اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ ہر سال 150 سے زائد ممالک میں ڈاک کا عالمی دن اپنے اپنے انداز میں منایا جاتا ہے۔ اور ڈاک اور دیگر اشیاء اور رقوم کی محفوظ ترین اور بروقت ترسیل کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی ڈاک کے عالمی دن پر خصوصی تقریب پوسٹل سٹاف کالج اسلام آبادکے آڈیٹوریم میں ہوگی جس میں محکمہ ڈاک کے افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی اور ڈاک کی محفوظ ترسیل میں یونیورسل پوسٹل یونین کا ہاتھ بٹانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔