خبرنامہ پاکستان

پاکستان سمیت دوسرےممالک کی ترکی میں بغاوت کی مذمت

لاہور: (اے پی پی) ترکی میں ہونے والی فوجی بغاوت پر پاکستان نے ترک حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ۔ ترجمان حکومت پاکستان کا کہنا تھا ترکی میں جمہوریت کو روندنے کی سازش کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان نے ترکی میں فوجی بغاوت کی مخالفت اور جمہوری حکومت کی بھرپور حمایت کی ہے ۔ حکومت پاکستان کے ترجمان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ترکی میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امید ہے ترکی میں حالات جلد معمول پر آجائیں گے ۔ پاکستان ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ترک وزیر خارجہ کو ٹیلی فون بھی کیا ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ترکی میں جمہوریت کی فتح کیلئے دعاگو ہیں ۔ خواہش ہے کہ ترکی میں استحکام برقرار رہے ۔ خواجہ آصف نے کہا جمہوریت میں دہشتگردی کا خاتمہ ہو سکتا ہے ، مارشل لاء میں نہیں ۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کو ترکی میں ہونے والی بغاوت سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔ امریکا ، جرمنی، قطر، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کا بھی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا ترک عوام جمہوری حکومت کا ساتھ دیں ۔