خبرنامہ پاکستان

پاکستان سے ملنے والی والہانہ محبت پر فخر ہے، صادق خان

پاکستان سے ملنے والی والہانہ محبت پر فخر ہے، صادق خان
کراچی:(ملت آن لائن) لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ملنے والی والہانہ محبت باعث فخر ہے، لندن کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ دنیا میں کئی شہر دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہیں۔ برطانیہ کے شہر لندن کے میئر صادق خان نے حبیب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، اساتذہ اور طلبہ و طالبات سے ملاقات بھی کی۔ طالبعلموں سے خطاب کرتے ہوئے میئرلندن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے کراچی کے لئے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبہ بندی کرنا ہوگی،عارضی اور وقتی منصوبے کراچی کی ترقی کیلئے ناکافی ہیں۔ میئر لندن نے کہا کہ دنیا میں دائیں بازو کی سیاست عروج پر ہے، نیشنل اور پاپولر پالیٹکس دنیا میں جگہ بنارہی ہے، لندن کو تیزاب گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے اقدامات کررہے ہیں، شہروں کا پھیلاوٴ مسئلہ نہیں بلکہ ایک مثبت عمل ہے، شہروں کی وسعت کے اعتبار سے وسائل کا مہیا نہ ہونا مسئلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سے ملنے والی والہانہ محبت باعث فخر ہے، قائداعظم محمد علی جناح مذہبی رواداری اور جمہوریت کے وکیل تھے، لندن کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، لندن میں بھی جرائم کی وارداتیں ہوتی ہیں، لندن میں اسٹریٹ کرائمزمیں گزشتہ3سالوں میں اضافہ ہوا، جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے کڑی سزائیں دی گئیں، دہشت گردی کیخلاف عوام نے پولیس کا حوصلہ بڑھایا ہے۔
میئر لندن نے مزید کہا کہ لندن کا سب سے بڑا مسئلہ گھر بے، لوگوں کو رہائش فراہم کرنا ہے، رہائش کےمسائل سنگین ہیں حل کیلئےکوشاں ہیں مجھے پاکستانی نژاد ہونے کی وجہ سے لندن میں کسی امتیازی سلوک کا سامنا نہیں کرنا پڑا، میں سب سے زیادہ ووٹ لے کر لندن کا میئر بنا۔اس سے قبل لندن میئر کراچی پہنچے اور مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ کراچی آمد پر فخر محسوس کررہاہوں ، لندن میں تعلیم، کاروبار اور سیاحت کیلئے آپ کو خوش آمدید کہتا ہے۔ صادق خان نے کہا کہ لندن سب کے لیئے کھلا ہے وہاں پاکستانیوں کے لیئے ملازمتوں ،کاروبارتجارت ،سیاحت اور تعلیم کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ میئر لندن صادق نے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور میئر کراچی سے ملاقاتیں کیں ، جس میں میئرلندن کوعلاقائی، معاشی میدان میں پاکستانی کامیابیوں سےآگاہ کیاگیا جبکہ صادق خان نے دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ 2 روز قبل میئر لندن صادق خان 9 رکنی وفد کے ساتھ بھارت سے براستہ واہگہ بارڈرلاہور پہنچے تھے ، مئیر لاہور مبشر جاوید اوربرطانوی ہائی کمشنر تھامس انڈریو نےاستقبال کیا تھا۔