نیویارک:(ملت آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی معاملات میں یکطرفہ نظریات اور سوچ کا مخالف ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی انسداد دہشت گردی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے مابین شراکت داری پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی معاملات میں یکطرفہ نظریات اور سوچ کا مخالف ہے۔ علاقائی تعاون اور باہمی روابط کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ایس سی او منفی قومیت پرستی اور نئی سامراجی سوچ کے خلاف اہم پلیٹ فارم ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم نے امن و سلامتی اور ترقی کے لیے گراں قدر کام کیا۔
مندوب کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی انسداد دہشت گردی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کی شمولیت سے شنگھائی تعاون تنظیم کو عزائم کے حصول میں مدد ملے گی۔