خبرنامہ پاکستان

پاکستان منشیات سے پاک معاشرے کیلئے کوشاں ہے:چوہدری نثار

نیویارک:(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے گزشتہ تین برسوں میں پاکستان نے دنیا کو ایک ارب چھیاسی کروڑ نشے کی ڈوزسے بچایا، گزشتہ سال تین سو بیالیس ٹن منشیات پکڑی۔عالمی سطح پر انسداد منشیات کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان منشیات سے پاک معاشرے کیلئے کوشاں ہے، متاثرہ افراد کا علاج اور بحالی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے مہلک اثرات کے سلسلے میں عالمی تحفظات سے بخوبی آگاہ ہیں اور عالمی تحفظات کی حمایت کرتے ہیں، وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جغرافیائی محل وقوع کے باعث چیلنجز کا سامنا ہے،پاکستان نے منشیات سے نمٹنے کیلئے مضبوط اور جامع پالیسی و انتظامی ڈھانچہ وضع کر رکھا ہے، گزشتہ سال342ٹن منشیات پکڑی۔ پاکستان نے دنیا بھر سے25ٹن منشیات پکڑنے میں کرداراداکیا، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار انسداد منشیات کیلئے سرفہرست ممالک میں ہوتا ہے، دنیا کے کچھ حصوں میں منشیات کے استعمال کو قانونی قرار دینے پر تشویش ہے، اس سے منشیات کی طلب میں اضافہ ہوگا،منشیات کے عفریت کا مقابلہ کرنے کیلئے اقوام عالم کو مزید کوششیں کرنا ہوں گی اور اقوام عالم کو انسداد منشیات کے مطلوبہ اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔