خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں ای کامرس کی مارکیٹ 72فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے، تھری اورفورجی سروس کے آغاز سے ای کامرس سے وابستہ کاروباری افراد اوراداروں کی تعداد میں 2.6 گنا اضافہ

اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) پاکستان میں انٹرنیٹ کے ذریعے خریداری(ای کامرس) کے حجم اورپھیلاؤ میں بتدریج اضافہ ہورہاہے۔ملک میں تھری اورفورجی انٹرنیٹ سروس کے آغازکے بعد سے لیکر اب تک ای کامرس کے کاروبارسے وابستہ کاروباری افراد اوراداروں کی تعداد میں 2.6 گنا اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔ای کامرس کی مارکیٹ 72فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے، پاکستان جنوبی ایشیاء میں انٹرنیٹ اورموبائل فون کے استعمال اورکھپت کے حوالے سے سرفہرست ہے۔اس وقت ملک میں 40 ملین انٹرنیٹ صارفین جبکہ فیس بک صارفین کی تعداد 20 ملین ہے۔ یہ صورتحال ریٹیل کاروبارکرنے والے افراد اوراداروں کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق سال 2017ء میں ای کامرس سے وابستہ ایمیزون ڈاٹ کام کی ویب سائیٹ پر54.47 ارب ڈالر کالین دین ہوا، اس کے برعکس 2017ء میں پاکستان کے ای کامرس مارکیٹ کا حجم 622 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا اوراندازہ ہے کہ سال 2020 ء تک اس کاروبارکاحجم ایک ارب ڈٖالر سے تجاؤز کرجائیگا۔ٹیکنالوجی خدمات کی کمپنی سے وابستہ جواد فرید کے مطابق پاکستان میں آن لائن خریداری کارحجان فروغ پارہاہے اوراس مارکیٹ میں بہت زیادہ استعداد موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ مال کی گھرکی دہلیز پروصولی اوراسی وقت قیمت کی ادائیگی کی وجہ سے شہیری اس طرز کی خریداری کی طرف راغب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں ماہانہ 70 ہزار کے قریب کیش آن ڈیمانڈ ادائیگیاں ہورہی ہیں جن میں سے 35 فیصد ادائیگیاں کراچی ، لاہوراوراسلام آباد سے باہرکے ہیں، یہ اعدادوشمارہمارے لئے دلچسی کا باعث ہے اوراس سے ای کامرس مارکیٹ کے پھیلاؤ اوررسائی کا اندازہ ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ای کامرس مارکیٹ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔