خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں ترقی کی ہراینٹ پرنوازشریف کا نام ہے، پرویزرشید

چکسواری(اسلام گڑھ) :(اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کی ہر اینٹ پر نواز شریف کا نام ہے، پشارو سے لاہور اور گوادر سے خنجراب تک شاہراؤں کا سہرا بھی نواز شریف کے سر ہے اور اب لاہور سے کراچی تک موٹروے بھی جا رہی ہے ۔ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ توانائی کے منصوبوں اور موٹر ویز کی تعمیر میں کسی بھی قسم کی کوئی بدعنوانی ہوئی۔ آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ سے انصاف کریں۔ چوہدری مجید عزت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے 21جولائی سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نذیر انقلابی کو کامیابی کا ہار پہنائیں کیونکہ 21جولائی کو بیلٹ باکس سے صرف شیر نکلے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ ایل اے 2 چکسواری (اسلام گڑھ) میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ میر پور اور پورے آزاد کشمیر کے عوام نے محبت اور اعتماد کا جو قرض ہم پرواجب کیا ہے اس قرض کو خدمت کے ذریعے ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میر پور کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جن کے نتیجے میں جب پاکستان میں بلب جلتا ہے تو بچے تعلیم حاصل کرتے ، کارخانہ چلتا ہے تو لوگوں کو روزگار ملتا ہے لیکن آزاد کشمیر میں سالہاسال سے میرپور کے عوام کو ان کی قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے پاکستان کو روشن کیا تو یہاں اندھیرے نہیں ہونے چاہئے تھے آپکی وجہ سے کارخانے چلے اور لوگوں کو روز گار ملا تو آپ کو روز گار کیلئے بیرون ملک نہیں جانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 1970ء سے انتخابات کا جو عمل شروع ہوا اس 46 سال کے عرصے میں بر سر اقتدار جامعتوں نے عوام کو مایوس کیا ۔اس عرصے میں اقتدار سردار عتیق ، سلطان محمود اور پیپلز پارٹی کے گرد گھومتا رہا اور گزشتہ 5 سال میں آزاد کشمیر اور وفاق میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتیں تھیں لیکن گزشتہ پانچ سال میں بجلی کی پیداوار پر کام شروع نہیں ہوااور اس عرصے میں پیپلز پارٹی نے ایک یونٹ بجلی پیدا نہیں کی۔ پاکستان میں دہشتگردی تھی اور ایک دن میں دہشتگردی کے کئی کئی واقعات رونما ہوتے تھے ۔ پیپلز پارٹی نے نہ بجلی پیدا کی اور نہ ہی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے ۔میر پور کے عوام کو گیس تک فراہم نہیں کی گئی اور اب نہ جانے کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے آزاد کشمیر کی حکومت کو 300 ارب روپے دیے جو کہیں آزاد کشمیر کی ترقی پر خرچ ہوئے نظر نہیں آتے ۔ انہوں نے رقم انہوں نے اپنے لیے ریسٹ ہاؤسز گاڑیاں خریدنے اور لندن کے دوروں پر خرچ کر دی اور 300ارب کی جگہ وفاق انہیں 600 ارب روپے بھی دے دیتا تو وہ اس پیسے کو بھی کرپشن اور لوٹ مار کی نظر کر دیتے جب ہم نے عوام کا یہ حال دیکھا تو فیصلہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) خود الیکشن لڑے اور حکومت بنائے تاکہ صحیح معنوں میں آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی آئے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی ہر اینٹ پر نواز شریف کا نام ہے پشاور سے لاہور اور گودار سے خنجراب تک شاہراہوں کی تعمیر و ترقی کا سہرا بھی نواز شریف کے سر ہے اور اب لاہور سے کراچی تک بھی موٹروے بن رہی ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی کی قلت ہے اور نواز شریف نے 12ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے جس سے ضرورت سے زائد بجلی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام بھی کہتے ہیں کہ جہاں جہاں نوازشریف کو خدمت کاموقع ملا وہاں ترقی اور خوشحالی آئی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی میٹرو بس کا منصوبہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے شروع کرایا اور وہ خیبرپختونخوا میں بھی عوام کو بجلی اور گیس فراہم کر رہے ہیں جہاں حکومت عمران خان کی جماعت کی ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ امانت اور دیانت کے ساتھ عوامی خدمت کی وجہ سے لوگ جھولیاں اٹھا اٹھاکر نواز شریف کو دعائیں اور ووٹ دیتے ہیں اور آزاد کشمیر میں بھی الیکشن اسی لیے لڑنے کا فیصلہ کیاکیونکہ یہاں بد دیانتی ہو رہی تھی اور مسلم لیگ (ن) آپکی قربانیوں کا قرض اتارنا چاہتی ہے جو آپ نے اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نذیر انقلابی ایڈووکیٹ کے مقابلے میں چوہدری عبدالمجید دوبارہ امیدوار بن کر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچھ لوگ مجید حکومت کو گرانا چاہتے تھے لیکن مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے کارکنوں کا اس کھیل سے دور رکھا کیونکہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت سازش اور جوڑ توڑ کے ذریعے حکومتیں گرانے کے حق میں نہیں ہے اور اب فیصلہ عوام کے پاس ہے ، عوام اپنے ووٹ کے ذریعے انصاف کریں اور ایسا انصاف کریں کے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری عبدالمجیدکے پاس عزت کا راستہ موجود ہے کہ وہ آئیں اور ہمارے نامزد امیداوار کو21 جولائی سے قبل کامیابی کا ہار پہنائیں کیونکہ 21 جولائی کو بیلٹ باکس سے صرف شیر نکلے گا۔