خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوئی یہاں تو ہر ہفتے ہم نے نائن الیون دیکھا ہے،بلاول

نوڈیرو (ملت + آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوئی یہاں تو ہر ہفتے ہم نے نائن الیون دیکھا ہے‘ سانحہ کار ساز کے شہداء کے لواحقین کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں‘ سلام شہداء ریلی میں پورا کراچی نکلا یہ دہشت گردی کے خلاف پیغام تھا‘ یہاں کے عوام دہشت گردی کے خلاف اور جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ وہ بدھ کو نوڈیرو میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سولہ اکتوبر کو ریلی کامیاب بنانے پر کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اتنی بڑی تعداد میں عوام کی شرکت سے ثابت ہوا کہ عوام دہشت گردی کے خلاف اور جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سلام شہداء ریلی میں پورا کراچی نکلا یہ دہشت گردی کے خلاف ٹھوس پیغام تھا۔ کراچی کے لوگوں نے بی بی کے بیٹے کو بہت عزت دی۔ لاڑکانہ میرا حلقہ یہ اور آپ میرے ووٹرز ہیں۔ پارٹی کی تنظیم نو کے لئے کمیٹی کی رپورٹ مل گئی ہے مقامی سطح پر کارکنوں اور وکرز کے لئے رائے طلب کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پارٹی کے صدر کے لئے قائم علی شاہ ‘ نثار کھوڑو اور مولا بخش چانڈیو کے نام ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تمام اداروں کو لاہور منتقل کرنے کی کیا ضرورت ہے اسٹیٹ بنک کے محکموں کی کراچی سے منتقلی پر ہمیں شدید تحفظات ہیں حکومت سندھ ہر صورت میں صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات اٹھارویں ترمیم اور جمہوریت کے خلاف ہیں ہم اپنے مطالبات کے حق میں کوشش کرتے رہیں گے۔ اعتزاز احسن ملک کے بہترین وکیل ہیں۔