خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں داعش منظم شکل میں موجود نہیں:دفتر خارجہ

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان نے کہاہے کہ ملک میں داعش منظم شکل میں موجود نہیں، افغان مسلے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں،طالبان اور افغان حکومت کو مذاکرات کی میز پر لانا چار فریقی گروپ میں شامل تمام رکن ملکوں کی اجتماعی زمہ داری ہے،وزیر اعظم نواز شریف جوہری سلامتی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے 31 مارچ کو امریکا جائیں گے،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا ۔ماسکو ائر پورٹ پر پھنسے 48 پاکستانی ملک پہنچ گئے ہیں جبکہ مزید84 کا جمعرات کی شام پاکستان روانہ ہونے کا پروگرام ہے ۔ماسکو میں پاکستانی سفارتی عملہ ان کیساتھ بھر پور رابطے میں ہے لیکن مقامی حکام نے سفارتی عملے کو ملاقات سے روک دیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہو گا تاکہ وہ اپنی قسمت کا خود فیصلہ کر سکیں۔ماسکو ائر پورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کا عملہ ان سے مسلسل رابطے میں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ان پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کی وجوہات کا ہمیں فوری علم نہیں ہو سکا ہے۔48 پاکستانی پہلے پہ ملک پہنچ گئے ہیں جبکہ مزید 84آج شام جمعرات کو ملک پہنچ جائیں گے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے دنیا کے ملکوں کیساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف جوہری سلامتی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے 31مارچ کو امریکا جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان نیو کلئیر سیکیورٹی کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے حوالے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں بھارت کی جانب سے کوئی باضابطہ تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی جھنڈے لہرانے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ مسلہ ہے جو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل طلب ہے۔ان قرار دادوں میں کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کیا گیا ہے۔ایران کے صدر حسن روحانی (آج)جمعہ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ترجمان نے ہندووں کے مذہبی تہوار کے موقع پر پاکستان میں تمام ہندو اقلیت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور حقوق حاصل ہیں۔