خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں چینی باشندوں کاسیکیورٹی پلان تبدیل کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستان میں چینی باشندوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کرنے اور سیکیورٹی کے لیے پروجیکٹس کی نگرانی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستان میں چینی باشندوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سی پیک اور دیگر منصوبوں پرکام کرنے والوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبوں پرکام کرنےوالےچینی باشندوں کی سیکیورٹی اسکریننگ کی جائےگی جبکہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے پروجیکٹس کی نگرانی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی پلان کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں کےساتھ کوآرڈینیشن کرے گی۔

یاد رہے گذشتہ روز چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

بعد ازاں بھارت نواز کالعدم تنظیم بی ایل اے نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

دوسری جانب چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہوئی تھی، ایک حملہ آور کی شناخت خاران کے رہائشی رزاق کے نام سے دوسرے کی ازل خان مری عرف سنگت دادا کے نام سے جبکہ تیسرے حملہ آور کی شناخت رئیس بلوچ کے نام سے ہوئی تھی۔