خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی ’’را‘‘ کا براہ راست ہاتھ ہے: چوہدری عبدالمجید

مظفر آباد(آئی این پی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں عدم استحکام کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ بھارتی جاسوس کی بلوچستان سے گرفتاری سے ثابت ہوگیا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے دہشت گردی کی کاروائیاں کروا رہا ہے۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا براہ راست ہاتھ ہے اور بھارت اس میں ملوث ہے پاکستان میں دہشت گردی کے سدباب کے لیے مسلح افواج کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں پوری ملت پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ بھارتی جاسوس کی گرفتاری سے کشمیریوں کے اس موقف کی بھی تائید ہوتی ہے کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ ریاست جموں وکشمیر کے اندر سرکاری سرپرستی میں ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہوکر انسانیت کا قتل عام کررہا ہے ۔بھارتی حکمرانوں کے ان اقدامات سے نیوکلیئر ایشیا کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہوچکے ہیں بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے نیوکلیئر ایشیا کا امن یرغمال بنا رکھا ہے ۔امن پسند دنیا بھارت کو برصغیر نیوکلیئر ایشیا کا امن برباد کرنے سے باز رکھے ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں ایوان وزیراعظم میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے غیر ملکی آفیسران سے خطاب کررہے تھے ۔چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد جلال سکندر سلطان نے بھی خطاب کیا چیف سیکرٹری نے وزیراعظم اور حکومت آزادکشمیر کی طرف سے غیر ملکی فوجی آفیسران کو خوش آمدید کہا۔ انسپکٹر جنرل پولیس بشیر میمن،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری پرویز اشرف، وزیر برقیات فیصل راٹھور، وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی،پرنسپل سیکرٹری،ایس ایم بی آر احسان خالد کیانی، مشیر وزیراعظم راجہ نیاز انقلا بی اور حکومت آزادکشمیر کے سیکرٹری سربراہان موجود تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھا ہے جہاں بھارتی پیرا ملٹری فورسز کشمیریوں کی منظم نسل کشی میں مصروف ہیں۔مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو کشمیریوں کی منظم نسل کشی سے باز رکھیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کا جزو ایمان ہے پاکستان کے استحکام وسلامتی کے لیے اہل کشمیر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے بھارت کی طرف سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے بھارت کے قابض وغاصب حکمران اس تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔دریں اثنا وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر میں منصفانہ غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی تاکہ عوام آزادانہ حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے جہاں کسی کو افرا تفری پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔آزادکشمیر کے عوام کا بھرپور تحفظ کریں گے ۔وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر کو فتح کرنے کے وفاقی حکومت کے تمام حربے ناکام ہوں گے۔آزادکشمیر میں گلگت بلتستان کی طرح کسی کو جھرلوٹھپے کی اجازت نہیں دیں گے۔آزادکشمیر کے عوام غیرت مند ہیں اپنی غیرت نیلام نہیں ہونے دیں گے۔آزادکشمیر حکومت عوام کے حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی ۔کبھی بھی ریاستی تشخص کو پامال نہیں ہونے دے گی۔پیپلزپارٹی میرٹ وکارکردگی کی بنا پر ان انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔