خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں 20لاکھ افراد بینائی سے مکمل طورپر محروم ہیں، سعدیہ خان کرمانی

ملتان۔19 اکتوبر(ملت + اے پی پی )انسانی خدمت کے بلند بانگ دعوے کرنے والی بیشتر این جی اوز سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر صرف اپنی تشہیر کے لیے نابیناؤں کی تقریبات میں شریک ہوتی ہیں اورتصویریں بنوانے کے بعد غائب ہوجاتی ہیں۔پھران میں سے کوئی بھی سال بھر ہماری جانب پلٹ کر نہیں دیکھتا۔ہمیں مخیرحضرات کی جانب سے امداد ملتی ہے اور اس کے ذریعے ہم نابینا افراد کی خدمت کرتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار قاسم بلائنڈ ویلفیئر سنٹر کی منیجنگ ڈائریکٹر سعدیہ خان کرمانی نے اپنی گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت سنٹر میں 110نابینا طلبا وطالبات ہیں جن کی ضروریات پورا کرنے کے لیے ہم کوشاں ہیں۔ہماری کوشش ہوتی ہے کہ مخیر حضرات خود ادارے میں آکر وزٹ کریں ۔نابینا افراد کی ضرور یات کوسمجھیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ ان افراد کو حکومتی سطح پر اور پرائیویٹ اداروں میں فنی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں تااکہ وہ روزگار حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے نابینا افراد کوسڑک کراس کرنے کے صحیح طریقہ کار اور محفوظ سفر کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کرنے کے لیے تربیتی ورکشاپ منعقد کررہی ہے جوکہ خوش آئند ہے ۔