خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے افغان مہاجرین سے متعلق ہیومن رائٹس واچ رپورٹ مسترد کردی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے افغان مہاجرین سے متعلق ہیومن رائٹس واچ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ حقائق کے برعکس پیش کی گئی ہے ،بے بنیاد الزامات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا مایوس کن ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں پاکستان میں آباد افغان مہاجرین سے متعلق ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ رپورٹ حقائق کے برعکس ہے ، بے بنیاد الزامات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے جو انتہائی مایوس کن ہے ،رپورٹ کا مقصد مہاجرین اور میزبان ملک میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 37سال تک پاکستان نے لاکھوں افغانیوں کی میزبانی کی ،افغان بھائیوں کو تعلیم ، صحت اور رہائش جیسی سہولیات فراہم کیں ،عالمی برادری نے بھی پاکستان کی بے مثال میزبانی کو سراہا ہے ، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی افغانستان میں دیرپا قیام امن کے لئے ناگزیر ہے ،پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے پرعزم ہے ۔(م ن)