خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے بھارتی فورسز کے مظالم کے ٹھوس شواہد فرہم کیے: اعزازچوہدری

نیویارک ( ملت+ آئی این پی) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کودی گئی سرکاری دستاویزات میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔ نیویارک سے سرکاری ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دستاویزات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے علاو ہ اسلامی تعاون تنظیم کو بھی پیش کی جائیں گی۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب اورعالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر پر بھرپور توجہ دی ہے جس کے مثبت اثرات ہونگے۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق معلوم کرنے کا ایک مشن بھیجا جانا چاہیے تاکہ وہا ں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر پیدا ہونے والے دباؤ کو بھارت نظر انداز نہیں کرسکتا۔