خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت کو حتمی شکل دے دی

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) دفتر خارجہ نے بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے تمام ترثبوت پر ڈوزیئر تشکیل دے دیا جسے جلد اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی مداخلت کے تمام تر ثبوت حاصل کرلیے ہیں اور اس پر ڈوزیئر تشکیل دے دیا ہے، ڈوزیئر میں سی پیک کی جاسوسی کرنے والی پاکستانی پانیوں میں بھارتی آبدوز کا بھی ذکر ہے اور بھارتی آبدوز کے وڈیو ثبوت بھی ہیں جب کہ کل بھوشن یادو کا اعترافی بیان اور متعلقہ دستاویزات بھی ڈوزیئرکا حصہ ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوزیئر مکمل کرکے نیویارک میں موجود پاکستانی مشن کو پہنچا دیا گیا، جنوری کے دوسرے ہفتے میں ڈوزئیر اقوام متحدہ میں دیے جانے کا امکان ہے جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی سیکرٹری جنرل کو ڈوزیئردیں گی اور اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے چارج سنبھالتے ہی ڈوزیئر پیش کیا جائے گا۔