خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے بھارت کو قیدیوں کی فہرست فراہم کردی

پاکستان نے بھارت کو قیدیوں کی فہرست فراہم کردی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان نے 457 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کردی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کو فراہم کردی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی گئی فہرست کے مطابق اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں457 بھارتی مختلف جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان قیدیوں میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 399 ماہی گیر اور 58 عام شہری شامل ہیں۔ پاکستان 8 جنوری کو 146 ماہی گیروں کو رہا کردے گا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی ہے جب کہ بھارت پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 مئی 2008 کے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت دونوں ملک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…لاہور: آصف زرداری کی داتا دربار اور بی بی پاک دامن کی درگاہ پر حاضری

لاہور: (ملت آن لائن) آصف زرداری نے لاہور میں ڈیرے ڈال لئے۔ داتا دربار اور بی بی پاک دامن کی درگاہ پر حاضری دی۔ پیپلز پارٹی نے الیکشن کیلئے تیاریاں تیز کر دیں۔ پنجاب میں امیدواروں کی تلاش کے لئے اجلاس طلب کر لیا گیا۔سابق صدر آصف زردای نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن، فیصل میر اور علامہ یوسف اعوان بھی سابق صدر کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر آصف زرداری کو تبرک کے طور چادریں پہنائی گئیں۔سابق صدر نے گڑھئ شاہو میں واقع بی بی پاک دامن کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ آصف زرداری تنگ گلیوں سے گزر کر مزار پر پہنچے اور ملک و ملت کی سلامتی کے لئے دعا مانگی۔ سابق صدر کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے اسخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔

……………………