خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی اورعلاقائی سطح پرتعاون کیا،شاہ محمود قریشی

بیلاسلام آباد ۔ (اے پی پی) قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر تعاون کیا، بیلجیم میں بم دھماکے افسوسناک ہے، یورپ کو اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، کرکٹ بورڈ میں اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر ذمہ دارانہ تعاون کیا ہے، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے اپنا جانی و مالی نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے بیلجیم کے شہر برسلز میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکے افسوسناک ہیں۔ برسلز میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ ہے، یہ ان کے لئے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یورپ دہشت گردی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں اصلا حات کی ضرورت ہے۔