خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے ناقابل واپسی اقتصادی استحکام حاصل کیا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ناقابل واپسی اقتصادی استحکام حاصل کیا ہے اور گزشتہ تین برسوں میں ترقیاتی بجٹ دوگنا ہوگیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پلاننگ کمیشن کے دورہ کے دوران کہی جہاں انہیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے ملک میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری توجہ توانائی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر جلد از جلد عمل درآمد پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور اقتصادی نمو کا ان منصوبہ جات پر کامیاب عمل درآمد سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان منصوبوں کے نفاذ میں تاخیر برداشت نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت اور مستعدی ساتھ ساتھ چلنے چاہئیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبوں کی موثر نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے انہیں ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔