خبرنامہ پاکستان

پاکستان پیرس معاہدے کے تناظر میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے:زاہد حامد

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان پیرس معاہدے کے تناظر میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمتنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ وہ جمعرات کو فرانس کے سرکاری ترقیاتی بینک اے ایف ڈی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ یہ بینک پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی اور عمل درآمد کا ذمہ دار ہے۔ بینک نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں سمیت شعبہ توانائی پر بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ اے ایف ڈی پاکستان میں گرین توانائی میں تعاون کے لئے پرعزم ہے جس سے ملک میں توانائی بحران پر مدد ملے گی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان گزشتہ دو سال میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں دسویں سے آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے قوانین میں تبدیلی اور دیگر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان پہلا ملک ہے جس کی پارلیمنٹ شمسی توانائی پر منتقل ہوئی ہے۔ فریقین نے موسمیاتی تغیرات کے امور سے نمٹنے کے لئے تعاون اور سرمایہ کاری پر اتفاق کیا۔