خبرنامہ پاکستان

پاکستان کاعافیہ صدیقی کا معا ملہ امریکہ سے اٹھانے کا اعلان:نفیس زکریا

اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان نے پٹھان کوٹ واقعے سے متعلق بھارت سے اضافی شواہد مانگتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان واقعے کی تحقیقات کے لئے بھرپور تعاون کر رہا ہے تاہم اضافی شواہد کے حوالے سے بھارتی جواب کے منتظر ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ خارجہ سیکرٹری ملاقات کی تاریخ طے کرنے کیلئے پاکستان اور بھارت رابطے میں ہیں، سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو ممبئی حملوں کے مزید شواہد اکٹھے کرنے کو کہا ہے، شواہد ملنے پر مقدمے کی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکتا ،پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف اپنے دفاع کیلئے ہے، پوپ فرانسس کا دورہ پاکستان کی تصدیق کیلئے معلومات لے رہے ہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے چاروں ملک کوشش میں لگے ہوئے ہیں،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کو امریکی حکومت کے سامنے اٹھا رہے ہیں، پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سیکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر ہے۔وہ میڈیا کویہاں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دے رہے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک امریکہ تذویراتی مذاکرات کا چھٹا دور باہمی تعلقات کیلئے بہت مفید رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا ساتواں دور آئندہ سال ہو گا، دہشت گردی تمام ملکوں کا مسئلہ ہے تاہم دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے پٹھان کوٹ واقعے کی ایف آئی آر درج کی ہے اورپٹھان کوٹ واقعہ کیلئے تحقیقاتی ٹیم جلد بھارت کا دورہ کرے گی، تحقیقاتی ٹیم وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے جبکہ ممبئی حملوں سے متعلق بھارت سے مزید شواہد کا انتظار ہے تاہم پٹھان کوٹ واقعے پر بلیم گیم بدقسمتی ہے۔ خارجہ سیکرٹری ملاقات کی تاریخ طے کرنے کیلئے پاکستان اور بھارت رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف اپنے دفاع کیلئے ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو ممبئی حملوں کے مزید شواہد اکٹھے کرنے کو کہا ہے، شواہد ملنے پر مقدمے کی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کا دورہ پاکستان کی تصدیق کیلئے معلومات لے رہے ہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے چاروں ملک کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ روس اور پاکستان باہمی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کو امریکی حکومت کے سامنے اٹھا رہے ہیں، امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری بھارت پر ہے۔(اح)