خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا ایرانی فوج کے سربراہ کے سرحد پار کارروائی سے متعلق حالیہ بیان پر شدید تحفظات کا اظہار

اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی) پاکستان نے ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کی سرحد پار کارروائی سے متعلق حالیہ بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے ریمارکس دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کے منافی ہیں۔ پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کو منگل کو دفتر خارجہ طلب کرکے انہیں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کے سرحد پار کارروائی سے متعلق ریمارکس پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایرانی سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ اس قسم کے ریمارکس دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کے منافی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں دونوں اطراف سے اعلیٰ سطح پر تبادلوں سے دوطرفہ تعاون مستحکم ہوا ہے اور رواں ماہ ایران کے وزیر خارجہ جاوید ظریف کے دورہ اسلام آباد کے دوران دونوں ملکوں نے سرحد کے معاملہ پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ ایران پر زور دیا گیا کہ اس قسم کے ریمارکس سے اجتناب کرنا چاہئے جس سے برادرانہ تعلقات کا ماحول خراب ہونے کا اندیشہ ہو۔