خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا برطانیہ سے متحدہ کا لندن سیکرٹریٹ بند کرنیکا مطالبہ

لاہور: (آئی این پی) متحدہ قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے بعد لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا برطانوی حکومت کیساتھ رابطہ۔ پاکستان کا متحدہ کا انٹرنیشنل سیکرٹریٹ بند کرنے کا مطالبہ۔ متحدہ قائد کی نفرت انگیز تقاریر سے متعلق معلومات اور سرگرمیوں کی تفصیلات برطانوی حکومت کے حوالے کر دی گئیں۔ ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ایم کیو یم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ پاکستان کیخلاف سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے برطانوی وزارت داخلہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کی فراہم کردہ معلومات پر وزیراعظم تھریسامے کو بریفنگ دے دی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کراچی میں متحدہ قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز، الیکٹرانک میڈیا کے کیمروں کی فوٹیجز اور دیگر ثبوت مانگ لئے۔ وزارت داخلہ کی خصوصی ٹیم لندن جا کر ثبوت برطانوی حکومت اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کو فراہم کریگی۔ لارڈ نذیر احمد نے بھی اسکاٹ لینڈ یارڈ کو متحدہ قائد کیخلاف کرمنل انکوائری کیلئے خط لکھ دیا ہے۔