خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا بھارتی فوج کے ہاتھو ں مقبوضہ کشمیر میں چار کشمیریوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہندواڑہ میں چار کشمیریوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں‘ چین میں پھنسے 45 پاکستانی محفوظ ہیں، 9بحفاظت واپس آچکے ہیں‘ چار ملکی رابطہ گروپ کا اجلاس مناسب وقت پر ہوگا‘ پٹھان کوٹ کی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل قیاس آرائیاں درست نہیں‘ بھارتی جاسوس کرپال سنگھ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے مرا‘ کل بھوشن یادیو سے تحقیقات جاری ہیں‘ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید چیزیں سامنے لائی جائیں گی‘ پاکستانی یمن‘ عراق اور لیبیا کے خراب حالات کی وجہ سے ان ممالک کا سفر نہ کریں‘ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ او آئی سی کے 13 ویں سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی صدر مملکت ممنون حسین نے کی۔ او آئی سی سمٹ کے موقع پر اس کے جموں و کشمیر کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کی۔ رابطہ گروپ نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حصول کے لئے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھرپور مذمت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جائز حق خود ارادیت کی تحریک کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ او آئی سی کے جموں کشمیر کے حوالے سے خصوصی نمائندہ جموں کشمیر کا دورہ کرے گا ۔ چین میں 45 پاکستانی محصور ہیں اور 9پاکستانی بحفاظت واپس آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام لیبیا‘ عراق اور یمن میں وہاں کے حالات کے پیش نظر سفر نہ کریں۔ یمن میں پاکستان کا سفارت خانہ مارچ سے کام نہیں کررہا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے پاکستان اور افغانستان کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے پاکستان کا دورہ کیا اور سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں افغانستان کے حالات‘ چار ملکی رابطہ ملک اور دیگر مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ چار ملکی رابطہ گروپ کا اجلاس مناسب وقت پر ہوگا۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے فیصلہ کیا گیا تھا اور خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے طریقہ کار طے کیا جارہا ہے اور مذاکرات بحال ہوجائیں گے۔ پاکستان کی جانب سے پٹھان کوٹ کے الزامات کیحوالے سے تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 27 مارچ سے یکم اپریل تک بھارت کا دورہ کیا تھا ٹیم ابھی تک بھارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کا جائزہ لے رہی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قید بھارتی جاسوس کرپال سنگھ کا ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال ہوا ۔ان کو ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا تھا۔ اس حوالے سے تمام معلومات بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی گئی تھیں اور میت جلد بھارت کے حوالے کی جائے گی۔ بھارتی جاسوس کل بھوشن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے تحقیقات ابھی جاری ہیں اس کے انکشافات کے بعد کچھ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں اور ابھی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید جو چیزیں سامنے نہیں آسکیں وہ سامنے لائی جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں پاکستان کا اہم ہمسایہ ہے اس نے ذمہ داری نبھائی ہے کہ ایران کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ ایرانی صدر کا بیان کہ پاکستان کی سلامتی ایران کی سلامتی ہے ان کے اس عزم کا اظہار کرتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں خلوص کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے گوادر اور لاہور میں قونصلیٹ کھولنے کے حوالے سے تفصیلات کا علم نہیں۔ بھارت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور امن سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ بھارت کی جانب سے روایتی اور نیوکلیئر اسلحہ کی دوڑ کے خلاف ہے اور اس پر تشویش کا اظہار کرتا ہے ۔ پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحہ کے کنٹرول کے حوالے سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی ی گئی ہے۔ نائیجیریا میں بوکو حرام اور دیگر دہشت گردوں کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں ۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہندواڑہ میں پرامن مظاہرین پر تشدد کے نتیجہ میں چار کشمیریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ ‘ انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی بھرپور تشویش کا اظہار کرتی رہتی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی جائز تحریک کی اخلاقی ‘ سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا گیا ہے اور معاملہ موثر طریقے سے اٹھایا ہے۔ (ن غ/ و خ)