خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 7فوجی جوانوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا۔پیر کو دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 7فوجی جوانوں کی شہادت پربھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباانوالہ کودفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایااور ایک احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا جس میں پاکستانی فوج کے جوانوں کی شہادت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کی پوری صلاحیت اور حق رکھتا ہے۔سیکرٹری خارجہ اعزا ز چوہدری کا کہنا تھاکہ بھارت سیز فائر کی خلاف ورزیاں بند کرے ،بھمبر سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں سات پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے عالمی برادری بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی خقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لے۔ترجمان دفتر خارجہ نے قومی مقصد کے لئے قربانی دینے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو پانے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔