خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا درست سمت میں آگے بڑ ھنا باعث مسرت ہے،صدرمملکت

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے جو ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے، بدعنوان عناصر بدعنوانی کے خلاف زیادہ شور مچاتے ہیں،قوم کو ایسے بازی گروں سے ہوشیار رہنا چاہیے، یہ لوگ پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں، پاکستان میں ہونے والی بیرونی سرمایہ کاری سے خائف ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری خطے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے،آئندہ چند برس کے دوران پاکستان خطے کا سب سے اہم ملک بن جائے گا،پاکستان کے روٹھے ہوئے دوست حالات کو سمجھ کر جلد ہم سے آ ملیں گے، ہمیں اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے آپ کوتیار رکھنا چاہیے،، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی ضامن ہے۔انھوں نے کہا کہ تعلیم وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کا مستقبل حال سے بہتر بنا سکتا ہیاس لیے ضروری ہے کہ معیشت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بدلتی ہوئی اقدار کا ساتھ دینے کے لیے طریقہ تعلیم میں بھی انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں اور تعلیم کو تحقیق کے ساتھ مربوط کر کے نوجوانوں کے لیے علم کے دروازے کھولے جائیں۔ وہ ایئر یونیورسٹی میں ’’قومی معیشت کی ترقی میں تعلیم کا کردار کے موضوع پر منعقدہ مذاکرہ سے خطاب کررہے تھے جس میں ایئرمارشل فاروق حنیف ، وائس چانسلرایئر یونیورسٹی، ایئر وائس مارشل ریٹائرڈفائز امیر اور معزز مہمانوں کی ایک بڑی تعد اد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ علم کے فروغ کے لیے مکالمے کی آزادانہ فضا قائم کرنی ضروری ہے کیونکہ آزاد مکالمے کے ذریعے ہی قوموں پر ترقی کا دروازہ کھل سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وسائل کی کمی کی وجہ سے خواہش کے باوجود تعلیم پر زیادہ وسائل خرچ نہیں ہو پا رہے۔تاہم حکومت تعلیمی شعبے پر تمام دستیاب وسائل خرچ کررہی ہے تاکہ ملک میں افرادی قوت کی تیاری پر سرمایہ کاری کرکے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ انسانی معاشرے کو کارآمد اور مفید بنانے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے جو قوموں کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کر کے خودانحصاری کی منزل پر لا کھڑا کرتی ہے۔ عہد حاضر میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی اور اس لیے ناگزیر ہے کہ ہمارا اعلیٰ تعلیم کا شعبہ تعلیم وتحقیق کے امور پر یکساں توجہ دے تاکہ معاشرے کو سائنسی بنیادوں پر مستحکم کرکے پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگرچہ ماضی میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعما ل کیا گیا جس سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا لیکن اب پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ برا وقت گزر گیا ، ملک کی ترقی اور عروج کا زمانہ ہے۔ پاکستان میں کرپشن کی کمی اور معیشت کی بہتری کو عالمی اداروں نے بھی سراہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے جو ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر بدعنوانی کے خلاف زیادہ شور مچاتے ہیں اس لیے قوم کو ایسے بازی گروں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ یہ لوگ پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں اور پاکستان میں ہونے والی بیرونی سرمایہ کاری سے خائف ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔آئندہ چند برس کے دوران پاکستان خطے کا سب سے اہم ملک بن جائے گا اور پاکستان کے روٹھے ہوئے دوست حالات کو سمجھ کر جلد ہم سے آ ملیں گے۔ ہمیں اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے آپ کوتیار رکھنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا میں بہت تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور ان تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کرنے اور وطنِ عزیز کے لیے پیدا ہونے والے تازہ امکانات کو بروئے کارلانے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم ان سے استفادہ نہ کر سکے تو ہم ترقی یافتہ قوموں سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر ساتھ چلنا ہو گا اور قومی منصوبوں کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرنا ہو گا۔صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل مستقبل کو دیکھتے ہوئے اپنے آپ کو تیار کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اورمعاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لیے تعلیمی نظام میں جدید رحجانات کو فروغ دینا ضروری ہے کیونکہ یہ کافی نہیں ہے کہ نوجوان کسی خاص شعب? علم پر عبور حاصل کرکے مطمئن ہوجائیں بلکہ اب ان کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ درپیش صورت حال کا منطق کے اصولوں کے تحت جائزہ لے کر از خود نتائج اخذکرنے کے قابل بھی ہوسکیں۔اس سلسلے میں اساتذہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی تعلیم کے شعبے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ادراک کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی میں بہتری لائیں تاکہ آج کی نئی نسل بْرے بھلے کی تمیز سیکھ کر زمانے کے ساتھ چلنے کا ہنر سیکھ سکے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر ایئر یونیورسٹی میں کارپس ریسرچ سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ایئر یونیورسٹی نے قومی تعلیمی میدان میں انتہائی مختصر عرصے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے جہاں نئی نسل کو جدید خطوط پر مختلف علوم و فنون کی تعلیم دی جار ہی ہے۔