خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا قطر سے ایل این جی کی درآمد جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ملت آن لائن ) سعودی عرب اور دیگر ممالک کی طرف سے قطر کا بائیکاٹ کیے جانے کے باوجود پاکستان نے قطر سے لیکوئیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی درآمد جاری رکھنے کافیصلہ کرلیا ہے جس کی تصدیق وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بھی کردی۔ شاہد خاقان عباسی کاکہناتھاکہ 15سالہ معاہدے کے تحت ایل این جی کی درآمد جاری رہے گی ۔تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے بتایاکہ قطر اور پاکستان نے گزشتہ سال ایک بلین ڈالر کا معاہدہ کیا جس کے تحت قطر کی کمپنی 2016ءسے 2031ءتک پی ایس او کو ایل این جی فروخت کرے گی ، جب تک قطر پر اقوام متحدہ کی طرف سے کوئی پابندی نہیں لگائی جاتی ، قطر اور پاکستان معاہدے کی پاسداری کے پابند ہیں ۔دوسری طرف وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے قطر کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار ہیں،صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مد فراہم کرے گی تاہم تاجر بھی قطر کو برآمدات جاری رکھنے کے لئے متبادل روٹس کی تلاش کریں،پاکستانی برآمد کنندگان عموماً قطر کو مال متحدہ عرب امارت کے زمینی باڈر سے بھجواتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باڈر کی بندش کے باعث پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیںتاہم وزارت تجارت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔