خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے:ممنون حسین

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، آمریت نے ہمیشہ مسائل میں اضافہ کیا اور قوم کو اس کی منزل سے بھٹکایا۔وہ ینگ پارلیمنٹر ین فورم کے وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے منگل کو ایوانِ صدر میں اْن سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فورم کے صدر میاں عالم داد لالیکا اور سیکریٹری جنرل شازہ فاطمہ خواجہ نے کی۔ وفد میں صوبوں اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی شامل تھے۔صدر مملکت نے نوجوان پارلمینٹیرینز کو مشورہ دیا کہ وہ توجہ اور محنت سے پارلیمانی امور کا تجربہ حاصل کریں کیونکہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے لیکن مفاد پرست عناصر نے بدعنوانی کو فروغ دیا جس سے نئی نسل مایوسی کا شکار ہوئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض عناصر نے نوجوانوں کو غلط راہ پر لگانے کی کوشش کی صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے ضروری ہے بدعنوانی کے خلاف جہاد کیا جائے۔ اس سلسلے میں نوجوان نسل اور نوجوان پارلمینٹرین اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو چاہیے کہ وہ بدعنوان عناصر کا احتساب کرے اور نوجوان پارلمینٹرین پارلمینٹ میں ایسے عناصر کی گرفت کریں۔صدر مملکت نے کہا موجودہ حکومت کی سمت درست ہے۔ اس نے مختصر عرصے میں اچھی معاشی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن کی وجہ سے بجٹ کا آٹھ فیصد سے زاید خسارہ ۴ء ۴ فیصد رہ گیا ہے جو قابلِ تعریف ہے اور غیر جانب دار ملکی مالیاتی ادارے ہی اس کا اعتراف کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ درست طرز عمل عوام کی خدمت کا جذبہ اللہ کے سامنے جواب دہی کا احساس پارلمینٹرین کا لائحہ عمل ہونا چاہیے۔