خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا مفاد ہوا تو ضرور سی پیک کا حصہ بنیں گے: جاپان

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر تاکاشی کیورائی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک بڑا منصوبہ ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ اس پر کامیابی سے عملدرآمد ہو جبکہ اگر پاکستان کے مفاد میں ہوا تو جاپان بھی اس منصوبے کا ضرور حصہ بنے گا۔ جاپانی سفیر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سالانہ شرح پیداور تقریباً پانچ فیصد ہونے کے باعث پاکستانی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، حکومت کو موجودہ معاشی ترقی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اب اقتصادی اور سماجی استحکام کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اگرچہ یہ خاصا مشکل کام ہے تاہم یہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہدف ہے۔ جاپانی سفیر نے مزید کہا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، قرضوں میں کمی اور اقتصادی اصلاحات کا ڈھانچہ متعارف کروانا بھی موجودہ پاکستانی حکومت کی ترجیحات میں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ اقدامات طویل المدتی معاشی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔