خبرنامہ پاکستان

پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی ‘تبدیلی’، احسان مانی بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے

پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی ‘تبدیلی’، احسان مانی بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے
لاہور: (ملت آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی ‘تبدیلی’ آ گئی، احسان مانی بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔ سابق چئیرمین نجم سیٹھی عام انتخابات کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

چئیرمین پی سی بی کے انتخابات میں احسان مانی بلامقابلہ منتخب ہو گئے، وزیراعظم کے نامزد کردہ احسان مانی کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا، جس کے بعد احسان مانی آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے 33 ویں سربراہ منتخب ہو گئے ہیں۔ احسان مانی انتہائی تجربہ کار کرکٹ پروفیشنل ہیں جنہوں نے نہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ وہ سال تک آئی سی سی کے خزانچی اور سربراہ کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

قبل ازیں وزیرِاعظم عمران خان نے احسان مانی کو امیدوار برائے چئیرمین کرکٹ بورڈ نامزد کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنے تعلقات استعمال کروں گا اور پاکستانی ٹیم کو دنیا کی صفِ اول کی ٹیم بنانے کی کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا ویژن وزیرِاعظم کی سوچ سے مطابقت رکھتا ہے، مجھے جو ذمہ داری دی گئی ہے، اسے دیانتداری سے نبھاؤں گا۔