خبرنامہ پاکستان

پاکستان کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد:(آئی این پی) وزارت موسمیاتی تبدیلی نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات پر قابو پانے اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا شدہ مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کیلیے بین الاقوامی کنونشز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلیے’’پاکستان کلائمیٹ چینج اتھارٹی‘‘ کے نام سے ادارہ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ مذکورہ ایکٹ کے تحت پہلے پاکستان کلائمیٹ چینج کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جس کے سربراہ وزیر اعظم یا ان کا نامزد کردہ شخص ہوگا جب کہ اس کے ممبران میں وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت خزانہ، وزارت خوراک، وزارت منصوبہ بندی، وزارت پٹرولیم، وزارت پانی و بجلی اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر ہوں گے، اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اورصوبائی محکمہ موسمیات کے وزرا اورآزاد کشمیر وگلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے، کلائمیٹ چینج اٹھارٹی کے چیئرپرسن اور سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی بھی کونسل کے ممبر ہوں گے۔ مزید 30 ممبران پر مشتمل سرکاری افسران، ماہرین اور سول سوسائٹیزکے نمائندے بھی کونسل کے رکن ہوں گے، کونسل کا سیکریٹریٹ وزارت موسمیاتی تبدیلی ہو گی، دستاویز کے مطابق ایکٹ کے تحت’’ پاکستان کلائیمیٹ چینج اتھارٹی‘‘ کے نام سے ادارے کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔