خبرنامہ پاکستان

پاکستان کو سی پیک سے 25ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی:اقتصادی راہداری اجلاس

اسلام آباد (آئی این پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ چین کے پانچ سالہ معاشی پروگرام کا حصہ ہے جس پر نیشنل پیپلز کانگریس کے اجلاس میں غور کیا جائے گا ۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی قیادت پاکستان سمیت علاقے کے تمام ملکوں میں اپنے سفارتی ایجنڈے کے طورپر اعلیٰ سطح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، اس لئے کانگریس کے اجلاس میں اس پر بات چیت ایک اہم موضوع ہو گا ۔ ماہرین نے پیشنگوئی کی ہے کہ کانگریس کے نمائندے بیلٹ اینڈ روڈ اور ان جیسے بڑے پروگراموں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیں گے تا کہ چین کی عشروں پر طویل معاشی ترقی کے دوسرے ملکوں پر ثمرات بہتر طورپر حاصل کئے جا سکیں ، بیلٹ اینڈ روڈ کا منصوبہ جسے دنیا سلک روڈ کے طورپر جانتی ہے جس نے قدیم زمانے میں ایشیا ، یورپ اور امریکہ کو ملا دیا ہے ، اب مختلف علاقوں کو زمینی اور سمندری راستے سے ملا دینے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اس سے ایشیا اور افریقہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اس منصوبے کے ذریعے سرمائے ، ٹیکنالوجی اوراعلیٰ معیار کی پیداواری استعداد، معاشی اور سماجی ترقی میں اضافے کا باعث بنے گی جس سے ایشیا اور افریقہ کے براعظموں میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا ، بیلٹ اینڈ روڈ کا منصوبہ جو دنیا کے بیشتر ملکو ں میں سے گزرے گا اس پر اب تک 60سے زیادہ ملکوں نے مثبت رائے کا اظہار کیا ہے ان میں سے بعض نے اپنی ترقیاتی حکمت عملی چین کے مجوزہ منصوبے کے ساتھ مربوط کر دی ہے ۔مثال کے طورپر پاکستان جو قدیم تجارتی روٹ کے ساتھ موجود ایک ایشیائی ملک ہے کو توانائی کی کمی کا سامنا ہے ،جہاں سردیوں کے موسم میں اس کے دارالحکومت میں بارہ ، بارہ گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے لیکن اب چین پاکستان راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں 25ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جو اس کی معیشت میں نئی روح ڈال دے گی، دنیا چین کی پر امن ترقی پر نظر رکھے ہوئے ہے جو عالمی تعلقات کو نئی شکل دے رہی ہے ۔ یہ بات یونیورسٹی آف بغداد کے پروفیسر ابراہیم عمار ی نے بتائی ہے ۔ نیشنل پیپلز کانگریس کا چوتھا سالانہ اجلاس اور دیگر اعلیٰ اداروں کے اجلاس آج سے ہفتہ تک جاری رہیں گے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ قیادت کا یہ اجتماع چینی پالیسیوں کو سمجھنے میں معاون ثابت ہو گا جبکہ دنیا کو معیشت میں کمی کا سامنا ہے ۔چین کے وزیر خارجہ واگ ژی نے کہا کہ چین نے گذشتہ کئی سالوں سے صاف ستھری حکومت کے لئے کوششیں کی ہیں جن کا مقصد ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے مناسب اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے ۔ نیشنل پیپلز کانگریس کے اجلاس میں کرپشن کے خلاف چلائی جانے والی مہم کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی کوششوں کے باعث بہتر نتائج سامنے آئے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے چین نے عالمی برادری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حمایت بھی حاصل کی ہے۔