خبرنامہ پاکستان

پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے سے افغانستان مستحکم نہیں ھو گا، خواجہ آصف

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا افغانستان کو مستحکم نہیں کرے گا۔

سینیٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو غیر مستحکم نہیں کر رہا، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف تشدد کیلیے استعمال نہیں ہونے دیتا اور دوسرے ملکوں سے بھی ایسا ہی تعاون چاہتا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف امریکی نہیں جارہے۔حکومتی سطح پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ امریکا نہیں جائیں گے۔

امریکی صدر نے جنوبی ایشیا اور افغانستان سے متعلق نئی پالیسی کے اعلان پر پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھی بیان دیا تھا کہ اس صورتحال میں خواجہ آصف کو امریکا کا دورہ ملتوی کرنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو امریکا کے دورے کی تجویز دی گئی تھی اور دورہ حتمی طور پر طے نہیں تھا تاہم اب حکومتی سطح پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ امریکا نہیں جائیں گے۔

ذرائع نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ کو دوست ممالک کے ساتھ رابطے مؤثر کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور وہ نئی امریکی پالیسی پر چین سمیت دیگر دوست ممالک کے ساتھ رابطے مؤثر بنائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کو ٹاسک دیئے جانے کے بعد خواجہ آصف کے جلد چین سمیت دیگر دوست ممالک کے دوروں کا امکان ہے۔