خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی بقا وسلامتی پردشمنوں کی نظرہے: آصف

سیالکوٹ: (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اگر آج ایٹمی قوت نہ ہوتا تو دنیا جو ہمارا حشر کرتی وہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے ۔ سیالکوٹ میں پریس کلب کے نو منتحب عہدیداران سے حلف لینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا دنیا کی طاقتیں بھارت کو اسلحے سے لیس کر رہی ہیں جبکہ ہماری دفعہ کبھی دہشت گردی تو کبھی کوئی حیلے بہانے بنا کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔ ان کا کہنا تھا ملا منصور 400 کلو میٹر ایران کا سفر کرتا ہے اور اس کو کوئی کچھ نہیں کہتا مگر جونہی وہ پاکستانی حدود میں داخل ہوتا ہے تو مار دیا جا تا ہے ۔ پاکستان کی بقا و سلامتی پر دشمنوں کی نظر ہے ڈرون حملے سے افغانستان میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پانامہ لیک عوام کا مسئلہ نہیں صرف اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے چند لوگوں کا مسئلہ ہے ۔ ڈیڑھ مہینہ آف شور کا شور مچانے والوں کی اپنی آف شور کمپنیاں نکل آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کا شور مچانے والوں نے خود ایمنیسٹی سکیم کے تحت اپنا کالا دھن سفید کروایا اور دوسروں کو باتیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہے ، پوری قوم ان کے لئے دعا کرے ۔